حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو میر ذوالفقار علی اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس بہادر پورہ کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ 12 مسلم نعشوں کی تدفین کی درخواستیں مختلف پولیس اسٹیشنوں سے موصول ہوئیں جملہ 13 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے نور خاں متولی قبرستان کی نگرانی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی خلیفہ علامہ مدنی میاں اشرفی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں سید زاہد حسین، سید زبیر ہاشمی، محمد معراج علی، حبیب علی، محمد عبدالجبار موجود تھے۔ اس موقع پر جناب محمد عبدالاحد اکرم نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں صاحب اور ملت فنڈ میں تعاون کرنے والے بلاشبہ قابل مبارکباد ہیں جن کے تعاون سے 6000 سے زیادہ مسلم نعشیں جلنے سے بچ گئیں اور ان کی اسلامی طریقہ پر تدفین عمل میں لائی گئی۔ اس نیک کام کے اجر کا اندازہ ہم کیا لگاسکتے ہیں، اللہ پاک اس کو قبول فرمائے آمین۔ جناب محمد عبدالاحد اکرم نے آج کی تدفین میں کفن کا انتظام کیا جس پر سید منیر الدین، فاریحہ نازنین، فہیم الدین نے اللہ کا شکر ادا کیا اور جزائے خیر کی دعاء کی۔ بشریٰ تبسم صاحبہ نے حدیث شریف کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر میت کے لئے کوئی کفن دیتا ہے تو اللہ پاک جنت میں اس کو موٹا ریشم کا لباس اور ایک حدیث میں ہے باریک ریشم کا لباس عطا فرمائے گا۔ محمد عبدالرحمن محمد آصف ہوٹل فردوس نے کہا کہ ادارہ سیاست جو لاوارث نعشوں کی تدفین کا کام کررہا ہے سارے ہندوستان میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ سید عبدالمنان، محمد عبدالجلیل عارف بھائی مصری گنج نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔ سید نعیم الدین، محمد عبدالجبار، امین پاشا نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے دعا کی۔ اللہ پاک ان کو دنیا اور آخرت دونوں میں اس کا نعمل البدل عطا فرمائے آمین۔ ادارہ سیاست، متولی قبرستان نور خاں، چیرمین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی اور سی ای او وقف بورڈ، محمد اسد اللہ کا شکریہ ادا کیا۔ تدفین رات 4 بجے عمل میں آئی۔ اس موقع پر متولی قبرستان نور خاں، محمد محبوب، محمد اسحاق خاں موجود تھے۔
