ادارہ سیاست کی تعلیمی، سماجی اور فلاحی خدمات کو خراج تحسین

   

سیاست اور ملت فنڈ سے رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، سینکڑوں والدین و سرپرستوں کی شرکت، سید جاوید حسین اور محترمہ عرشیہ جبین کی شرکت

حیدرآباد ۔ 19 مئی (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کو طئے کرنے کیلئے 134 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام رائیل ریجنسی گارڈن، آصف نگر میں منعقد ہوا۔ پروگرام میں شہر اور مضافاتی علاقہ سے تعلق رکھنے والے والدین نے شرکت کی۔ وہ ایک دوسرے سے باہمی مشاورت کرتے ہوئے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتہ کا انتخاب کیا جس کیلئے ان والدین کیلئے ایک سال کیلئے 1000 روپئے رجسٹریشن فیس رکھی گئی۔ یہ اس لئے تھا کہ پروگرام میں مشاطاؤں کی بڑی تعداد اپنے اپنے طور پر والدین سے مشاورت کررہی ہے ایسے والدین بھی اس پروگرام میں آئے جن کا تعلق ناندیڑ مہاراشٹرا سے ہے۔ جناب سید جاوید حسین (بینک آف انڈیا) نے اپنی شریک حیات محترمہ عرشیہ جبین کے ہمراہ دو بہ دو پروگرام میں پہنچ کر اپنی لڑکی کیلئے رشتہ تلاش کیا۔ اس پروگرام کو تفصیلی طور پر دیکھنے کے بعد انہوں نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور دوسروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جناب ظہیرالدین علی خان کی تعلیمی، سماجی، فلاحی خدمات کی سراہنا کی اور کہا کہ جس طرح کا عزم ہے کہ سیاست صرف ایک اخبار نہیں بلکہ تحریک ہے اسے کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس اخبار میں خبریں اور مضامین و تبصرے بڑے مستند ہوا کرتے ہیں جس کیلئے طلباء اسے اپنے ریکارڈ کے طور پر رکھتے ہوئے علمیت میں اضافہ کررہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ان کی شریک حیات عرشیہ جبین نے بھی اخبار کے ذریعہ سماجی سائنسی معلومات کے ساتھ شعور کو بیدار کرتے ہوئے عملی اقدامات جو ملت کیلئے کئے جارہے ہیں خوشنودی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب عامر علی خان جو سیاست اخبار کے نیوزایڈیٹر ہیں، ان میں سیاسی شعور اور جذبہ بڑا ہے جس کی وجہ سے صرف اخبار ہی نہیں بلکہ سیاست ٹی وی کے ذریعہ نئی نسل کو ہر لحاظ سے معلومات فراہم کرنے میں اپنا حصہ ادا کررہے ہیں۔ انہوں اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت انہیں رکن قانون ساز کونسل کیلئے راہیں ہموار کررہے ہیں اس لئے کہ وہ ملت کا درد دل رکھنے والے ہر ایک کی مدد کرنے والے قائد ہیں۔ ڈاکٹر ناظم علی نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ سیاست اخبار کا یہ عزم کہ والدین میں اپنے لڑکے اور لڑکیوں کے رشتہ کے انتخاب کیلئے شعور بیدار کیا جائے۔ جناب صالح بن عبداللہ باحاذق نے والدین کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ کئی لڑکیاںسہاگ کی نعمت سے مالامال ہوتی ہیں جب تک لڑکیاں امورخانہ داری سے واقف نہیں ہوتی اس وقت تک وہ ایک مثالی گھر قائم نہیں کرسکتی۔ اس موقع پر جناب اصغر علی خان فرزند جناب ظہیر الدین علی خان مرحوم نے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے والدین سے ملاقات کی جن میں حیات حسین حبیب، جناب سید سعیدالدین (جدہ سعودی عرب)، سید سلیم الدین اور دوسرے ہیں۔ پروگرام میں ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، گریجویٹس، پوسٹ گریجویشن، ایم بی بی ایس، ٹکنیکل، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فزیوتھراپی کے علاوہ ڈپلوما کورس تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے ترتیب دیئے گئے جس میں ان کاؤنٹرس پر علی الترتیب محترمہ ترنم خان، محترمہ شمیم، محترمہ محمدی، سعیدہ ثانیہ، لطیف النساء، رئیسہ، تسکین، دردانہ، لطیف اسد، اشرف، امتیاز، شہناز، شاہانہ، مسکان اور دوسروں نے حصہ لیا اور ان والینٹرس نے والدین کی رہنمائی کی۔ اس پروگرام کو راست طور پر فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا جسے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اضلاع، ملک اور بیرونی ممالک میں مقیم افراد نے خطاب کیا اور اپنے تاثرات کے ذریعہ پروگرام کی سراہنا کی۔ اس موقع پر سیاست اور ملت فنڈ نے رائیل ریجنسی گارڈن کے مالکین جناب سعید بن محمد القعیطی، جناب فیصل بن علی القعیطی سے جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر نے اظہارتشکر کیا جن کے تعاون سے یہ پروگرام منعقد کیا جاسکا۔ اس پروگرام میں والدین نے کمپیوٹرس کی مدد سے بھی اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتہ کا انتخاب کیا اور اس کے علاوہ والدین کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی بھی سہولت مہیا کی گئی تھی اور جو والدین رشتے دیکھنے کے خواہاں ہیں ان کیلئے دفتر روزنامہ سیاست پر 10 بجے دن تا 4 بجے شام سہولت مہیا کی گئی۔