اداکارہ راکول پریت سنگھ بی آر ایس ٹکٹ پر لوک سبھا کیلئے مقابلہ کریں گی ؟

   

اچانک ٹوئیٹ سے فلمی و سیاسی حلقوں میں ہلچل ۔ کسی نے توثیق یا تردید نہیں کی
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) تلگو فلم اداکارہ راکول پریت سنگھ بھارت راشٹرسمیتی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گی! تلنگانہ کی سیاست میں کانگریس کو سبقت اور کھمم میں راہول گاندھی کے جلسہ کے بعد ٹوئیٹر پر بھارت راشٹر سمیتی کو نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور کہا جارہا ہے کہ بی آر ایس اپنے موقف کو مستحکم رکھنے کئی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ آئندہ انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے چندر شیکھر راؤ و کے ٹی آر کی کوششوں کے تذکرہ کے دوران ٹوئیٹر پر آج ایک ٹوئیٹ نے سب کو چونکا دیا اور سیاسی حلقوں کے ساتھ تلگو فلم انڈسٹری میں بھی ہلچل پیدا کردی ہے ۔ہندی میں ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا کہ تلگو فلم اداکارہ راکول پریت سنگھ تلنگانہ کے کسی حلقہ لوک سبھا سے بی آر ایس ٹکٹ پر مقابلہ کرسکتی ہیں اور راکول پریت سنگھ کو انتخابات میں حصہ لینے آمادہ کرنے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ہلچل مچانے والے ٹوئیٹ کے جواب میں بی آر ایس کے چراغ پا قائدین و کارکن راہول گاندھی کو نشانہ بنانے لگے ہیں لیکن کسی گوشہ سے اس کی توثیق یا تردید نہیں کی گئی کہ راکول مقابلہ کر رہی ہیں یا نہیں!راکول پریت سنگھ کے لوک سبھا کیلئے مقابلہ کی اطلاع اور انہیں کے ٹی آر کی جانب سے آمادہ کرنے کی کوشش سے متعلق ٹوئیٹ پر بی آر ایس کارکنوں میں برہمی ہے لیکن کوئی اس کی تردید نہیں کررہا ہے اور نہ یہ کہنے کی جرأت کررہا ہے کہ راکول کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں اور اگر وہ انتخابات میں حصہ لینے کی خواہشمند ہے تو انہیں پہلے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پارٹی کی رکنیت حاصل کرنی چاہئے ۔م