ممبئی : ہندی فلموں کی ماضی کی ایک معروف اداکارہ ممتازنے دلیپ کمار اور محمود کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے توجہ دی اور انہیں فرش سے عرش پرپہنچادیا تھا۔دراصل ممتاز ایک ٹی وی کے موسیقی شو میں جج کافرض اداکرتے ہوئے دونوں مرحوم اداکاروں کو یاد کیا۔اداکارہ ممتازاور اداکار دھرمیندر سونی ٹی وی پر انڈین آئیڈیل میوزیکل کے خصوصی پروگرام میں شریک ہوئے ۔کینسر کے موذی مرض سے صحت یاب ممتاز نے کہاکہ وہ چھوٹے بجٹ کی تیسرے درجے کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتی تھیں،جن میں داراسنگھ اہم کردار نبھایا کرتے تھے اورممتاز ان کی معاون رہتی تھیں ۔اس کے ساتھ ساتھ وہ دوسری بڑے بجٹ کی فلموں میں معاون کردار یعنی ہیرویا ہیروئن کی بہن کے کردار میں نظر آتی تھیں اور مشہور مزاحیہ اداکار محمود اُن کے ساتھ ہوتے تھے ۔اداکارہ ممتازنے یادداشت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ اُن دِنوں کی بات ہے جب شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی فلم ‘ رام اور شیام ‘ کی شروعات ہونے والی تھی، مزاحیہ اداکار محمود انہیں دلیپ صاحب کے پاس لے گئے اور ممتاز کو فلم میں لینے کی سفارش کی۔دلیپ کمار نے ممتاز کا قد،خوبصورتی اور رقص وچنچل پن دیکھ کر مثبت جواب دے دیا اور فلم ‘رام اور شیام’ میں دیہتی چنچل لڑکی کا رول اپنے مقابل دے دیا،فلم میں شہری ہیروئن مشہور اداکارہ وحیدہ رحمٰن تھیں۔مذکورہ فلم۔’ رام اور شیام’ ہٹ ہوگئی اور ممتاز کی شہرت میں اضافہ ہونے کے بعد انہیں متعدد فلمیں مل گئیں۔مستقبل میں انھوں نے راجندر کمار ،راجیش کھنہ،جتیندر سمیت بے شمار فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔راجیش کھنہ کے ساتھ فلم روٹی،آپ کی قسم،دشمن ،دوراستے ،اپنادیش سمیت دس فلموں میں کام کیا۔