نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اس بار اداکار راجکمار راؤ کو اپنا نیشنل آئیکون مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن جمعرات (26 اکتوبر) کو راجکمار راؤ کو نیشنل آئیکن مقرر کرے گا۔ نیشنل آئیکون لوگوں میں ووٹنگ کے بارے میں آگاہی پیدا کرتے ہیں۔ ان کی کوشش ووٹنگ کا فیصد میں اضافہ کرنے کی ہوتی ہے۔یوں تو اداکار راجکمار راؤ نے کئی فلموں میں کام کیا اور ان کی کئی فلمیں ہٹ ہوئیں لیکن ‘نیوٹن’ ایک ایسی فلم ہے جس نے انہیں ایک الگ پہچان دی۔ راجکمار راؤ کو 2017 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے لیے بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ ملا۔ اس فلم میں راجکمار راؤ ایک سرکاری کلرک کے کردار میں نظر آئے تھے۔ نیوٹن منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کرانے کے لیے پرعزم تھا۔ ان کے کردار کا فائدہ اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے کے لیے لوگوں میں جوش و خروش پیدا کرنا چاہتا ہے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سال اگست میں الیکشن کمیشن نے سابق ہندوستانی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو اپنا نیشنل آئیکون بنایا تھا۔ دراصل، اگلے سال ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات ہونے ہیں۔