حیدرآباد۔ اداکار سونو سود نے ‘ جو کورونا وباء میں ضرورتمندوں کی مدد کر رہے ہیں اور مختلف سماجی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں ‘ آج وزیر صنعت کے ٹی راما راو سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے موقع پر وزیر موصوف نے فلم اداکار کی جانب سے انجام دی جانے والی سماجی خدمات کی ستائش کی اور انہیں تہنیت پیش کی ۔ انہوں نے یہ بھی معلوم کیا کہ اداکار عوام کی اپیلوں پر کس طرح سے رد عم ظاہر کر رہے ہیں ۔ ملک کے مختلف علاقوں سے عوام مدد کیلئے ان سے رابطہ کر رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ صورتحال اور کورونا وباء کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی منفرد اور سماجی خدمات ملک بھر میں انجام دینا ایک قابل ستائش کام ہے ۔ خاص طور پر ایک فرد کی جانب سے یہ کام انجام دینا مثالی ہے ۔ سونو سود نے اپنی سیوا خدمات کی تفصیلات سے کے ٹی آر کو واقف کروایا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے مزید سماجی خدمات کیلئے اپنے مستقبل کے منصوبوں کی بھی وضاحت کی ۔ سونو سود نے کہا کہ انہیں اس طرح کی خدمات کیلئے اپنی والدہ سے حوصلہ ملتا ہے ۔ اداکار نے حیدرآباد اور حیدرآبادی عوام سے اپنی وابستگی کا بھی اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راو سے بہت زیادہ متاثر ہیں جنہوں نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی توجہ حاصل کرنے میں سرگرم رول ادا کیا ۔ اسی وجہ سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔ سونو نے کہا کہ ایک مصروف سیاستدان ہونے کے باوجود کے ٹی راما راو مختلف پلیٹ فارمس پر ضرورت مندوں کی مدد کیلئے دستیاب ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کے ٹی آر کا احترام کرتے ہیں۔