اداکار وجے کی انتخابی مہم کمیٹی کی تشکیل

   

چینائی۔ 17 جنوری (یو این آئی) ٹاملناڈو میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل حال ہی میں قائم ہونے والی پارٹی تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے ) کے صدر اور اداکار سے سیاست دان بنے وجے نے ریاست کے تمام 234 حلقۂ اسمبلی میں پارٹی کی انتخابی مہم کے کاموں میں تال میل کے لیے 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ سینئر پارٹی رہنماؤں پر مشتمل اس 10 رکنی کمیٹی کو ضلع اور اسمبلی حلقہ کی سطح پر تال میل کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔اس کے ساتھ ہی کمیٹی کو انتخابی مہم کی حکمتِ عملی تیار کرنی ہے ، تاکہ پارٹی کے مسائل طے کیے جا سکیں اور برسرِ اقتدار دراوڑ منیترا کژگم (درمک) کو اقتدار سے باہر کرنے کے ہدف کے حصول کیلئے کارکنوں میں جوش پیدا کیا جا سکے ۔ وجے نے کہا کہ دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے ) ان کی سیاسی حریف ہے اور ان کی پارٹی اور ڈی ایم کے کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے ۔انتخابی مہم کمیٹی میں ٹی وی کے کے جنرل سکریٹری این بُسّی آنند، انتخابی مہم انتظام کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری آدھو ارجن اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے سابق وزیر کے اے سینگوٹٹایَن شامل ہیں۔
سینگوٹٹایَن کو اتحاد کا پرچم بلند کرنے اور معزول کیے گئے رہنماؤں کی واپسی کا مطالبہ کرنے کے سبب اے آئی اے ڈی ایم کے سے نکال دیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ ٹی وی کے میں شامل ہو گئے تھے ۔ ٹی وی کے نے انہیں اعلیٰ سطحی انتظامیہ کمیٹی کا چیف کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے ۔ ان کے علاوہ کمیٹی میں دیگر اراکین بھی شامل ہیں۔ یہاں جاری بیان میں مسٹر وجے نے کہا ہے کہ یہ کمیٹی تمام حلقۂ اسمبلی میں ان کی انتخابی ریلیوں اور مہم کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ انتخابات سے متعلق دیگر سرگرمیوں میں بھی تال میل قائم کرے گی۔ انتخابی مہم کمیٹی کی تشکیل ایسے وقت میں ہوئی ہے ، جب مسٹر وجے نے 10 رکنی انتخابی منشور مسودہ کمیٹی بھی قائم کی ہے ۔ یہ کمیٹی تمام اسمبلی حلقوں کا تفصیلی دورہ کرکے عوام کی رائے اور تجاویز حاصل کرے گی اور منشور میں شامل کیے جانے والے نکات کی سفارش کرے گی۔ انتخابی مہم کمیٹی اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا کام بھی دیکھے گی۔ تمام ٹی وی کے اراکین سے کمیٹی کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔