حیدرآباد ۔ یکم جنوری ( این ایس ایس ) جنوبی ہند کی فلمی صنعت کے معروف اداکار پرکاش راج نے اعلان کیا ہے کہ وہ سرگرم سیاست میں داخل ہو رہے ہیں اور مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں مقابلہ کرینگے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ پر سال نو کے موقع پر یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے سال نو کے موقع پر اپنے پرستاروں اور حامیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوںن ے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سیاستم یں حصہ لیں گے اور مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں مقابلہ کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کرینگے ۔ پرکاش راج نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کا بعد میں اعلان کرینگے اور بہت جلد تفصیلات منظر عام پر آئیں گی ۔ واضح رہے کہ پرکاش راج کچھ عرصہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کے کٹر ناقدین میں شامل ہوگئے تھے اور وہ دائیں بازو کی فرقہ پرست تنظیموں کو بھی تنقیدوں کا نشانہ بنا رہے تھے ۔ وہ صحیفہ نگار گوری لنکیش کے قتل کے بعد سے حکومت پر تنقیدیں کر رہے تھے ۔ انہوں نے ایک موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ جس وقت سے انہوں نے وزیر اعظم پر تنقیدیں شروع کی ہیں اس وقت سے انہیں بالی ووڈ کے فلمساز کام دینے سے گریز کر رہے ہیں۔