محفل خواتین کا اہم مقصد ، محترمہ نسیمہ تراب الحسن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ) : خواتین اپنے قلم سے نئی نسل کی کردار سازی اور ذہن سازی میں اہم رول ادا کریں تاکہ آئندہ نسل ادب ، اخلاق اور تہذیب سے آشنا ہو ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ نسیمہ تراب الحسن نے کیا جو محفل کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کررہی تھیں ۔ ڈاکٹر اودیش رانی اور محترمہ لکشمی دیوی راج مہمانان خصوصی تھیں ۔ محترمہ رفیعہ نوشین نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ ادبی اجلاس میں محترمہ فریدہ راج منٹل ہیلتھ کونسلر کا معلوماتی مضمون ’ دوران لاک ڈاؤن خواتین میں اضطرابی کیفیت ۔ قابو پانے کی تدابیر ‘ اور رفیعہ نوشین کا انشائیہ ’ کرونائی شادی ‘ پیش کئے گئے ۔ ڈاکٹر اودیش رانی باوا نے کہا کہ اردو زبان کسی ایک فرقے کی زبان نہیں ہے ۔ یہ زبان اپنی لطافت و چاشنی کی وجہ سے ساری دنیا میں بولی جاتی ہے ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو اردو سے قریب کریں تاکہ مستقبل میں اردو بولنے والی نسل موجود رہے ۔ محترمہ رفیعہ نوشین کے انشائیہ کو بے حد پسند کیا گیا ۔ محترمہ لکشمی دیوی راج نے اردو کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا اس زبان کو زندہ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے دونوں مضامین پر پسندیدگی کا اظہار کیا ۔ محترمہ فریدہ راج نے کہا کہ اضطرابی کیفیت یا نفسیاتی معاملات کو کونسلنگ اور تھراپی کے ذریعے بخوبی حل کیا جاسکتا ہے ۔ زندگی کے مسائل کا ہمت اور استقلال سے مقابلہ کیا جانا چاہیے ۔ انہوں مثالوں کے ذریعے موضوع کی اہمیت کو اجاگرکیا ۔ بعد ازاں مشاعرہ منعقد ہوا ۔ ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی نے مشاعرہ اور ادبی اجلاس کی کارروائی چلائی ۔ مشاعرے میں مظفر النساء ناز ، منور النساء منور ، رفیعہ نوشین ، تجمل تاج ، ڈاکٹر عطیہ مجیب عارفی ، سائمیہ متین اور ثمینہ بیگم نے اپنا کلام پیش کیا ۔ میزبان محفل مظفر النساء ناز تھیں ۔ ڈاکٹر نکہت آراء شاہین کے شکریے پر محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔۔
