حیدرآباد۔ 11مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش کے الیکشن کمشنر نماگڈہ رمیش کمار نے واضح کیا ہے کہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے آنے والے امیدواروں کو روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے وجئے واڑہ میں واقع اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ چتور ضلع کے صدام منڈل میں بی جے پی کا منڈل پریشد امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لئے پہنچا تھا تاہم وائی ایس آرکانگریس کے کارکنوں نے اس کو روک دیا۔اس واقعہ کا سخت نوٹ کمیشن نے لیا ہے ۔ضلع کلکٹر نے بی جے پی کے امیدوار کو روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف معاملہ درج کرلیا۔اس معاملہ کے سلسلہ میں سید باشا،عمران باشا کو کل شب پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں پولیس چوکس ہے ۔انتخابات کے موقع پر کسی بھی قسم کی رکاوٹوں پر انہوں نے سنگین عواقب کا انتباہ دیا۔منڈل پریشد اور ضلع پریشد ارکان کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آج آخری تاریخ ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی جماعت کے امیدوار کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پہلے مرحلہ کے پنچایت انتخابات کے لئے اس ماہ کی 15تاریخ اور دوسرے مرحلہ کے پنچایت انتخابات کے لئے اس ماہ کی 17تاریخ کو اعلامیہ جاری کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے سلسلہ میں 40ہزار بیلٹ باکسس کو تیار رکھاگیا ہے ۔