بیروت 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی شام میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں پر صدر بشارالاسد کی حکومت کے فضائی حملوں میں کم سے کم11 افراد ہلاک ہوگئے۔ جنگ کے ایک مبصر نے دعویٰ کیاکہ یہ علاقہ کئی ماہ سے شامی حکومت اور روسی بمباری کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ لندن میں واقع شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ صوبہ ادلب کی جنوبی پٹی میں واقع معارت النعمان ٹاؤن کے باہر فضائی حملوں کے 9 مہلوکین میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے کیوں کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ روسی اور شامی طیاروں نے اواخر اپریل سے ادلب میں حملوں کا آغاز کیا تھا جس میں ایک دعویٰ کے مطابق 600 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دیگر 52 افراد باغیوں کے حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔ صدر بشارالاسد کی حکومت کو جہادیوں اور باغیوں کے گڑھ میں کئی محاذوں پر لڑائی کا سامنا ہے۔
