طرابلس ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ برس دسمبر سے شام کے ادلب صوبے میں روسی حمایت سے جاری اسد حکومت کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ساڑھے تین لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز اقوام متحدہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ادلب میں دو ماہ سے کم عرصے کے دوران ساڑھے تین لاکھ افراد ترکی کی سرحد کی طرف نقل مکانی کرچکے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے رابطہ کار برائے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ لڑائی میں شدت کے نتیجے میں انسانی صورتحال بدستور خراب ہوتی جارہی ہے۔