انقرہ ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی وزارت دفاع نے پیر کے روز اعلان میں بتایا ہے کہ شام کے صوبے اِدلب میں بشار کی فوج کی گولہ باری میں 4 تْرک فوجی ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔وزارت دفاع کے بیان کے مطابق ترکی کی فوج نے حملے کا جواب دیتے ہوئے مذکورہ صوبے میں “دشمن کے اہداف” کو تباہ کر دیا۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ بشار حکومت کی فوج کو ترکی کے فوجی ٹھکانوں کے بارے میں پیشگی مطلع کر دیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود بشار کی فوج نے گولہ باری کی۔بشار کی فوج اتوار کے روز ادلب کے جنوب مشرقی دیہی علاقے میں داخل ہو کر تزویراتی اہمیت کے حامل شہر سراقب کے بہت نزدیک پہنچ گئی۔ اس سے قبل بشار کی فوج نے سراقب اور اس کے اطراف دیہی علاقوں پر جنونی نوعیت کی بم باری کی۔ اس دوران روسی طیاروں کی جانب سے حلب کے دیہی علاقوں پر شدید فضائی حملے کیے گئے۔دوسری جانب شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے اتوار کے روز بتایا کہ ترکی کی فوج نے حلب اور لاذقیہ کے درمیان ہائی وے (M4) کو فوجی علاقہ قرار دیا ہے۔ یہ روس کے ساتھ ترکی کی کشیدگی کی جانب واضح اشارہ ہے۔