انقرہ۔24 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر رجب طیب اُردوغان نے کہا ہے کہ شام کے شمال مغربی علاقے میں اسد حکومت کی فوجی کارروائی کی صورت میں آئندہ دنوں میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بات کروں گا۔کل جمعہ کو ترک صدر طیب اُردوغان نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتین سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ترکی کی سرحد پر اسدی فوج کی کارروائی ترکی کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ترکی کی حکمران جماعت ’انصاف ترقی‘(آق) کے 18 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے اجلاس سے خطاب میں ترک صدر نے کہا کہ ترکی اپنی جنوبی سرحد پر سیف زون قائم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔خیال رہے کہ جمعہ کو شام میں بشارالاسد کی وفادار فوج نے ترکی کی سرحد کے قریب کفر زیتا اور مشرقی ٹیلوں پرقبضہ کرلیا تھا۔ اس کے علاوہ شامی فوج نے حماؤ میں مورک کے مقام پر ترک فوج چوکی کے قریبی علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے کر ترک چیک پوسٹ کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے ترک فوج کی ایک چیک پوسٹ پرقبضہ کرلیا ہے۔