انقرہ ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ترک صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ حالیہ ایام کے دوران شامی علاقے ادلب میں جاری جھڑپوں کی وجہ سے ڈھائی لاکھ کے قریب افراد گھر بار چھوڑ کر ترکی میں داخل ہونے کی کوششوں میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اْن کی حکومت کی کوشش ہے کہ شامی افراد کو ترکی میں داخل ہونے سے روکا جائے اور سرحدوں پر نگرانی کو سخت کر دیا جائے۔ اردغان نے انسانی ہمدردی کے تناظر میں سرحدی نگرانی کو ایک مشکل امر بھی قرار دیا۔ ترکی میں 37 لاکھ شامی پہلے سے موجود ہیں اور اس ملک نے سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے۔