بیروت ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے ادلیب صوبہ میں حکومت کے حامی فضائی حملہ میں درجنوں جنگجو اور شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ کل کئے گئے فضائی حملوں میں 19 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ روس اور باغیوں کی حمایتی ترکی کی جانب سے مختصر جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن حقیقت میں اس پر عمل نہیں ہوا ہے۔ چہارشنبہ کی درمیانی شب شہر کے جنوبی حصہ میں یہ حملہ ہوا۔ اس دوران زبردست بمباری کی گئی۔ انسانی حقوق کیلئے شام کی آبزرویٹری کے صدر عبدالرحمن نے یہ بات بتائی۔ جنگ کی نگرانی کرنے والے برطانیہ کے مرکز کے مطابق شہر کے اس حصہ کو نشانہ بنایا گیا جو شامی حکومت کے فوجی حملہ کا تازہ نشانہ تھا۔ بتایا گیا کہ اس حملہ میں حکومت کی مخالفت کرنے والے 26 افراد ہلاک ہوگئے۔ ان میں بیشتر کا تعلق حیات تحریر الشام سے بتایا گیا ہے جن میں سابق القاعدہ کے شام میں درانداز جنگجو بھی شامل ہیں۔