ماحولیاتی آلودگی سے پاک کمپنیوں کے قیام کا فیصلہ ، چیف منسٹر ریونت ریڈی ، وزراء اور عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جملہ 6 ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 5260 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدہ کئے گئے ہیں اور ان کمپنیوں میں جملہ 12ہزار 490 افراد کو ادویات سازی کی صنعت میں ملازمتیں حاصل ہوں گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ‘ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو ‘ صدرنشین تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹیڈ محترمہ نرملا جگاریڈی کی موجود گی میں مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے ریاستی حکومت کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے ۔ سیکریٹریٹ میں یادداشت مفاہمت پر دستخط کے لئے اجلاس کے دوران چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کمپنیوں کے نمائندوں سے ان کی تفصیلات کے متعلق آگہی حاصل کی جس پر کمپنی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ وہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک صنعتوں کے قیام کو یقینی بنا رہی ہیں ۔ جن 6کمپنیوں نے ریاستی حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں ان میں ایم ایس این گروپ‘ لارس لیابس‘ گلینڈ فارما‘ ڈاکٹر ریڈیز لیباریٹریز‘ آربندو فارما ‘ ہیٹرولیابس ‘ شامل ہیں۔ ریاست میں ادویات سازی کی صنعت میں ماحولیاتی آلودگی سے پاک صنعتوں کے قیام کے لئے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری پر آمادہ ہونے والی ان کمپنیو ںکی سرمایہ کاری سے ریاست میں ادویات سازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔آلودگی سے پاک ان صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے اراضیات کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنانے اور متعلقہ تمام تر اجازت ناموں کی اجرائی کو یقینی بنانے کی چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے ہدایت جاری کی ۔اجلاس کے دوران ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار اسپیشل سیکریٹری برائے چیف منسٹر مسٹر اجیت ریڈی ‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ صنعت و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر جیش رنجن ‘ مسٹر وشنو وردھن ریڈی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔معاہدوں کے مطابق ایم ایس این لیباریٹری کی جانب سے شہر حیدرآباد میں تحقیق و ترقی کے مرکز کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پیداوار کا یونٹ بھی قائم کیا جائے گا۔ لارس لیابس اور آربندو فارما فارمولیشن یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔گلینڈ فارما کی جانب سے انجیکٹیبل اور ادویات کی تیاری کی اشیاء کی پیداوار اور تحقیق و ترقیات کے مرکز کے قیام کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ ڈاکٹر ریڈیز لیاب انجیکٹیبل اور بائیوسیمیلر کی تیاری کے یونٹ قائم کرے گا جبکہ ہیٹرو لیابس نے انجیکٹیبل کی تیاری کے مرکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ادویات ساز کمپنیوں کے نمائندوں نے جو یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں ان میں ڈائریکٹر ڈاکٹر ریڈیز لیاب مسٹر ستیش ریڈی ‘ ایکزیکیٹیو ڈائریکٹر لارس لیاب مسٹر وی وی روی کمار‘ سی ای او گلینڈ فارما مسٹر سرینواس ‘ صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر ایم ایس این فارما مسٹر ایم ایس این ریڈی ‘ ڈائریکٹر آربندو فارما مسٹر مدن موہن ریڈی کے علاوہ ہیٹرو گروپ منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر بی ومشی کرشنا موجود تھے ۔3