ریٹیل میڈیکل شاپ مالکین پریشان حال،اے ۔ کامرس سے ادویات کی فروختگی خطرہ سے خالی نہیں
حیدرآباد: شہر میں آن لائن ادویات کی فروخت عروج پر پہنچ چکی ہے اور آن لائن ادویات کی فروخت کی بڑھتی مارکٹ کے سبب ریٹیل میڈیکل شاپ مالکین کو مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے اور وہ بھی اب کئی ادویات پر 10تا20 فیصد تک رعایت دینے لگے ہیں۔ ملک بھر میں تیزی سے فروغ پا رہی آن لائن تجارت میں فارمیسی بھی اب پیچھے نہیں رہی بلکہ کئی تجارتی اداروں کی جانب سے آن لائن ادویات کی فروخت کے سلسلہ میں کئی پیشکش کی جانے لگی ہیں اور آن لائن ادویات کی خریدی پر کئی آفرس دیئے جا رہے ہیں ۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں میڈیکل شاپ مالکین کی جانب سے آن لائن میڈیکل فروخت اور تجارت کو روکنے یا اس کے متعلق پالیسی تیار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی حکومت کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں کی گئی جس کے سبب آن لائن ادویات کی فروخت کا کاروبار عروج پر ہے اور آن لائن ادویات کی فروخت اور گھر تک ادویات پہنچانے جیسی راحتیں دینے والی کئی کمپنیاں وجود میں آچکی ہیں جو کہ دیگر اشیاء کی طرح ادویات بھی فروخت کر رہی ہیں۔شہر حیدرآباد میں حالیہ عرصہ کے دوران آن لائن ادویات کی خریداری کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہاہے اور آن لائن ادویات کی خریدی کو آسان بنانے کے لئے کمپنیو ںکی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ آن لائن ادویات کی تجارت و فروخت کو یقینی بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے اسے ہر کسی کے دسترس تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ابتداء میں میڈیکل شاپ مالکین کی جانب سے یہ کہا جاتا رہا کہ بغیر ڈاکٹر س کی تجویزکردہ تحریر کے آن لائن ادویات فروخت کی جا رہی ہیں جو کہ غیر قانونی ہے لیکن اب بیشتر ویب سائٹس جو کہ آن لائن ادویات کی فروخت کر رہے ہیں وہ ڈاکٹرس کی تجویز کردہ تحریر اسکیان کرنے کے بعد ہی ادویات فروخت کرنے لگے ہیں جس کے سبب یہ اعتراض کئے جانے کی گنجائش ختم ہوچکی ہے ۔میڈیکل شاپ مالکین کا کہناہے کہ ای ۔کامرس کے ذریعہ ادویات کی فروخت خطرہ سے خالی نہیں ہے اسی لئے ای۔ کامرس پر ادویات کی فروخت کے سلسلہ میں حکومت کو سخت پالیسی تیار کرنی چاہئے یا پھر آن لائن ادویات کی فروخت کو فوری اثر کے ساتھ بند کیا جانا چاہئے ۔آن لائن ادویات فروخت کرنے والی کمپنیو ںکی جانب سے ادویات کی خریداری پر رعایت اور ہیلت انشورنس جیسی پیشکش کے ذریعہ شہریوں کو راغب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ایسی صورتحال میں ریٹیل میڈیکل شاپس مالکین کو بھی رعایتیں دینی پڑ رہی ہیں۔