ادویات کی تیاری میں حیدرآباد دنیا کا دارالحکومت : ریونت ریڈی

   

33 فیصد ویکسین اور 43 فیصد ادویات کی تیاری، شاہ میر پیٹ میں نئی کمپنی کا سنگ بنیاد، ریاستی وزراء سریدھر بابو اور جی وویک کی شرکت

حیدرآباد۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد دنیا کا ادویات کی تیاری کا دارالحکومت بن چکا ہے اور ملک میں تیار ہونے والی 33 فیصد ویکسین اور 43 فیصد بلک ڈرگس حیدرآباد میں تیار ہو رہی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج شاہ میر پیٹ میں ICHOR بیالوجکس کے قیام کا جینوم ویلی میں سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو اور وزیر لیبر و ایمپلائمنٹ جی وویک وینکٹ سوامی بھی تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ویکسین اور ادویات کی تیاری میں حیدرآبادکی شناخت عالمی سطح پر ایک اہم مرکز کے طور پر ہوچکی ہے۔ کووڈ کے دوران جینوم ویلی سے دنیا کے کئی ممالک کو ویکسین برآمد کی گئی جس کا کریڈٹ تلنگانہ کے صنعت کاروں کو جاتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے باوجود صنعتی پالیسی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے مزید آسان اور سہولتوں پر مبنی پالیسی تیار کی ہے تاکہ صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار ہوسکے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد مستقبل میں ڈیٹا سٹی کے طور پر ابھریگا۔ کانگریس نے برسر اقتدار آنے کے بعد 18 ماہ میں 3 لاکھ 28 کروڑ کی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہے۔ عالمی سطح پر تلنگانہ کی شناخت کے لئے حکومت نئی پالیسیوں کو متعارف کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 10 برسوں میں تلنگانہ کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے حکومت جینوم ویلی کے صنعت کاروں سے تعاون کی امید کرتی ہے۔ چیف منسٹر نے کمپنی اور اس کے عہدیداروں سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی پراجکٹ کی تکمیل ہوگی۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے جینوم ویلی میں نئی صنعتوں کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت لائف سائنسیس کے عالمی مرکز کے طور پر تلنگانہ کی شناخت کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی کمپنی کے قیام سے 800 سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں لائف سائنسیس کے شعبہ نے غیر معمولی 23 فیصد ترقی کی ہے جبکہ قومی شرح 14 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مجموعی معاشی ترقی میں لائف سائنسیس شعبہ کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی عالمی اداروں نے حیدرآباد میں اپنے پراجکٹس کے قیام کے لئے حکومت سے معاہدات کئے ہیں۔ سریدھر بابو نے صنعت کاروں سے اپیل کی کہ تلنگانہ کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔ وزیر لیبر و ایمپلائمنٹ جی وویک وینکٹ سوامی نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ ہر شعبہ میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ 1