امیت شاہ کے خلاف ریمارکس پر بی جے پی چراغ پا
ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف ‘پاور یعنی اقتدار جہاد’ میں ملوث ہونے کے بارے میں اپنے حالیہ ریمارکس کے ساتھ ایک تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ امیت شاہ پر ادھو ٹھاکرے کے تبصروں کے جواب میں امور داخلہ کے وزیر مملکت نتیا نند رائے نے یو بی ٹی سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ ان تمام لوگوں کے دشمن ہیں جو ملک کے دشمن ہیں۔ ادھو ٹھاکرے کانگریس کا اسکرپٹ پڑھ رہے ہیں اور ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچارہے ہیں اور بالا صاحب ٹھاکرے کی روح کو تکلیف دے رہے ہیں۔کل ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی پر حکومت بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کو توڑ کر ‘پاور جہاد’ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ ٹھاکرے نے شاہ کے ‘اورنگ زیب فین کلب’ کے تبصرے پر جوابی حملہ کرتے ہوئے شاہ کو احمد شاہ ابدالی کی سیاسی اولاد قرار دیا جو افغان بادشاہ تھا اور اس نے پانی پت کی تیسری جنگ میں مرہٹوں کو شکست دی تھی۔