ممبئی ۔ 21 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور ان کے ایم ایل اے فرزند ادتیہ نے جمعرات کی شب یہاں صدر این سی پی شرد پوار سے ملاقات کی۔ یہ میٹنگ جنوبی ممبئی میں پوار کی قیامگاہ پر ہوئی ۔ دونوں ٹھاکرے قائدین نے راجیہ سبھا ایم پی پوار سے ملاقات کی جبکہ وہ آج شام ہی نئی دہلی سے یہاں واپس ہوئے ہیں۔ آج ہی کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان نے نئی دہلی میں کہا ہے کہ ان کی پارٹی این سی پی مہاراشٹرا میں حکومت سازی سے متعلق تمام مسائل پر بالکلیہ متفق ہے اور اب بات چیت شیوسینا کے ساتھ ہوگی تاکہ نئے اتحاد کی ترکیب کو قطعیت دی جاسکے۔ چنانچہ مذاکرات اب ممبئی منتقل ہوچکے ہیں جہاں کانگریس اور این سی پی اپنی دیگر ماقبل چناؤ حلیف پارٹیوں کے ساتھ بھی بات چیت کرے گی۔ ذرائع نے کہا کہ تینوں پارٹیا ں ممکن ہے جمعہ کو باضابطہ اعلان کریں گے۔