ادھو ٹھاکرے اور نئے سینا ایم پیز کا دورہ ایودھیا

   

ممبئی 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے اپنی پارٹی کے تمام 18 نومنتخب لوک سبھا ایم پیز کے ہمراہ 16 جون کو ایودھیا جاکر لارڈ رام کی پوجا کریں گے۔ گزشتہ 7 ماہ میں اترپردیش کے اِس ٹمپل ٹاؤن کو ٹھاکرے کا یہ دوسرا دورہ رہے گا اور لوک سبھا انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد پہلا۔ پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی اور ترجمان سنجے راوت نے جمعہ کو ٹوئٹ کیاکہ ادھو ٹھاکرے 16 جون کو ایودھیا کا دورہ کریں گے۔ بی جے پی کی حلیف پارٹی نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ ٹھاکرے اور نئے ایم پیز پارلیمنٹ سیشن کی شروعات سے قبل ایودھیا جائیں گے تاکہ مندروں کے ٹاؤن میں متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کے لئے تازہ کوشش کی جاسکے۔ پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ٹھاکرے پارلیمانی سیشن کی شروعات سے ایک روز قبل 16 جون کو رام للا کے پاس پوجا کریں گے۔