ادھو ٹھاکرے قانون ساز کونسل کیلئے بلا مقابلہ منتخب

,

   

ممبئی۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے اور دیگر 8 امیدواروں کو آج ریاستی قانون ساز کونسل کیلئے بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے کے علاوہ کونسل کے ڈپٹی چیرمین نیلم گورھے (شیوسینا) ، بی جے پی کے چار امیدوار رنجیت سنگھ موہیت پٹیل، گوپی چند پڈالکر ، پروین داتکے اور رمیش کراڈ، این سی پی کے ششی کانت شنڈے اور امول متکری ، کانگریس کے راجیش راتھوڑ بھی 9 سیٹوں کیلئے میدان میں تھے ۔ یہ نشستیں 24 اپریل کو خالی ہوئی تھیں۔ یہ تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ نامزدگیوں کی واپسی کی تاریخ 14 مئی ، دن میں 3 بجے تک تھی جس کے بعد سرکاری طور پر ان امیدواروں کے بلا مقابلہ انتخاب کا اعلان کردیا گیا۔ مہاراشٹرا کی 288 رکنی قانون ساز اسمبلی دو سالہ کونسل انتخاب کے لئے الیکٹورل کالج ہے۔ اس انتخاب سے 59 سالہ ادھو ٹھاکرے قانون ساز رکن کی حیثیت سے اپنا کام کاج کریں گے ۔ انہوں نے گزشتہ سال 28 نومبر کو چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا تھا اور 27 مئی سے قبل اسمبلی یا کونسل کے رکن کی حیثیت سے انہیں منتخب ہونا تھا۔