ممبئی: وزیراعلیٰ کے عہدے سے ادھو ٹھاکرے کے استعفیٰ کے بعد شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے اپنا ردعمل دیا ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے این ڈی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ ادھو ٹھاکرے کو اپنے ہی لوگوں نے دھوکہ دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ باغی اراکین اسمبلی نے جو کچھ کیا ہمیں امید نہیں تھی۔ پیاروں کے ہاتھوں دھوکہ دہی ایک عجیب چیز ہے۔ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ باغیوں نے یہ سب اس وقت کیا جب ادھو ٹھاکرے بیمار تھے۔ میں تمام باغی اراکین کو ان کے نظریات کے لیے مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ میرے والد، میرے دادا اور ان کے والد ہمیشہ یہ مانتے تھے کہ طاقت اور پیسہ آتا اور جاتا رہتا ہے۔ ان پر کسی کا اختیار نہیں ہے لیکن اگر ایک چیز ہے جسے کبھی ضائع نہیں کرنا چاہیے تو وہ عزت اور وقار ہے۔ اس لیے ہم سیاست میں صرف خدمت کے لیے ہیں اور ہم آگے دیکھیں گے کہ حالات کیسے ہوتے ہیں۔