اذان سن کر بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر آزاد اٹھ بیٹھے بچپن کی یادیں تازہ

   

حیدرآباد27 جنوری(سیاست نیوز) ملے پلی میں قیام کے دوران اذان مغرب نے چندرشیکھر آزاد کو بچپن کی یاد دلادی۔ آزاد ‘ جو کہ پولیس حراست میں لئے جانے سے قبل اپنے فلیٹ میں تھے اذان سنتے ہی اٹھ بیٹھے اور کہا کہ مسلسل اذانوں کی گونج نے انہیں بچپن یاد دلایا ہے۔ انہوںنے وہاں موجود معززین شہر سے بچپن کی یادیں تازہ کیں اور کہا کہ ان کے بچپن میں ان کے گھر کے قریب بھی ایسے ہی مسلسل اذانیں گونجتی تھیں لیکن اب ایسی صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے والدین کو بھی یاد کیا جو انہیں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی تربیت دیا کرتے تھے ۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ اور ان کے مسلم دوست اور پڑوسی کس طرح سے ایک دوسرے کے تہواروںکا حصہ ہوا کرتے تھے ۔چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ آج ہندستان کو ایک مرتبہ پھر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا گہوراہ بنانے کی ضرورت ہے اور سب متحد ہوکر ہی ایسا کرسکتے ہیں۔ اسی گفتگو کے دوران پولیس فلیٹ میں داخل ہوگئی اور انہیں حراست میں لے لیا گیا ۔