اذان کیخلاف مہم چلانے والے دہشت گرد ہیں زہر کے بیج سے سماج میں بدامنی ہوگی : کانگریس

   

بنگلورو : کرناٹک کی قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر بی کے ہری پرساد نے آج متنازعہ ریمارک کیا جب اُنھوں نے کہا کہ اذان کے خلاف مہم چلانے والے لوگ دراصل دہشت گرد ہیں ۔ انھوں نے بیان دیا کہ دو مذاہب کے درمیان زہر کے بیج بوئے جارہے ہیں اور سماج میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو دہشت گردوں کا کام ہوتا ہے ۔ اُنھیں فوری یو اے پی اے ایکٹ کی دفعات کے تحت گرفتار کرنا چاہئے ۔ انھوں نے برسراقتدار بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کی کہ وہ حکومت کی ناکامی کو چھپانے کے لئے غیرسماجی عناصر کی سرپرستی کررہی ہے ۔ اس سے سماج کے تانے بانے بکھر رہے ہیں لیکن بی جے پی اور سنگھ پریوار کو اس کی پرواہ نہیں ۔ بی جے پی حکومت سنگھ پریوار کے ہاتھوں کھلونا ہے ۔ سنگھ کو جو چاہئے وہ کام بی جے پی حکومت سے کرائے جارہے ہیں ۔