سابق رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس بھی اپنی اراضی کے رجسٹریشن کیلئے طویل قطار میں
نظام آباد :ریاستی حکومت کی جانب سے اراضیات کا رجسٹریشن کیلئے شروع کردہ دھرانی پورٹل کام نہ کرنے کی شکایت عام ہوتی جارہی ہے اور عوام کو گھنٹوں انتظار کرنے کی شکایت اس وقت سچ ثابت ہوئی ہے کہ رکن راجیہ سبھا مسٹر ڈی سرینواس اپنی اراضی کا رجسٹریشن کرنے کے لئے تحصیل آفس پہنچ کر گھنٹوں تک رجسٹریشن کے لئے انتظار کیا اور اس کے باوجود بھی ان کا رجسٹریشن نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واپس چلے گئے ۔ تفصیلات کے بموجب رکن راجیہ سبھا مسٹر ڈی سرینواس کے نام سروے نمبر 28/A/2,28/A,28/E سروے نمبر میں جملہ 3.5 ایکر اراضی ہے اس اراضی کو ڈی سرینواس نے محمد عبدالخسروں کو فروخت کیا تھا اور یہ اراضی ڈی سرینواس کے نام پر ہی ہے جس کی وجہ سے ڈی سرینواس اس کا رجسٹریشن کرنے کیلئے نظام آباد رورل تحصیل آفس پہنچنے پر تحصیلدار پرشانت کمار ، آر آئی بھوپتی نے ڈی سرینواس کا استقبال کیا اور انہیں رجسٹریشن روم لے گئے اور رجسٹریشن کے عمل کے تحت انگلیوں کے نشانات حاصل کرنے کے لئے ان کا انگوٹھے کے نشان حاصل کرنے کیلئے کوشش کی گئی لیکن سرور کام نہیں کررہا تھا بالآخر آئریش حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ بھی حاصل نہیں ہورہے تھے مسلسل 20 مرتبہ کوشش کی گئی اس کے باوجود بھی سرور سست ہونے پر دو گھنٹے تک انتظار کیا اور ان دو گھنٹوں میں کئی مرتبہ کوشش کی گئی اور ماہر کو بھی طلب کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی کوئی نتیجہ نہ نکلنے پر ڈی سرینواس نے برہمی کا اظہار کیا مجھ سے شخص کا حال یہ ہے تو عام آدمی کا کیا حال ہوگا کہتے ہوئے ناراضگی ظاہر کی اور کئی گھنٹے انتظار کے باوجود بھی سرور کام نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے واپس چلے گئے ۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے اراضیات کے رجسٹریشن کو آسان بنانے کیلئے دھرانی پورٹل ویب سائٹ شروع کیا گیا تھا اور آسانی کے ساتھ رجسٹریشن کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ایسے وقت میں مسٹر ڈی سرینواس کا رجسٹریشن نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ۔