مناسب جانچ پڑتال کرلیں ، مالکین اور فروخت کنندوں کے درمیان تنازعات سے بھاری نقصان ممکن
حیدرآباد۔ اراضیات کی معاملت کرنے والے شہریوں اور اراضیات میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو انتہائی چوکسی اور مناسب جانچ پڑتال کے بعد ہی سرمایہ کاری کے متعلق فیصلہ کرنا چاہئے ۔ شہر حیدرآباد کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں اراضیات کی قیمتو ںمیں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے شہریوں کی جانب سے اراضیات میں بے دریغ سرمایہ کاری کی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ جائیداد میں سرمایہ کاری محفوظ سرمایہ کاری ہے جبکہ محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کے نام پر کئے جانے والے ان فیصلوں کے منفی اثرات سے سرمایہ کاری کرنے والوں کو پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے جبکہ جائیدادوں کے مالکین اور ان کی فروخت کرنے والوں کے درمیان ہونے والے تنازعات کے سبب غریب شہریوں کا کروڑہا روپئے کا سرمایہ منجمد ہونے لگا ہے ۔ محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے اطراف اراضیات کی خریداری کے رجحان میں ہونے والے اضافہ میں اچانک ریکارڈ کی گئی کمی کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران جائیداد مالکین اور فروخت کنندگان کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات اور ان کی قانونی چارہ جوئی کے سبب صورتحال تبدیل ہونے لگی ہے اور شہری اپنے سرمایہ کے متعلق فکرمند ہونے لگے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جائیدادوں کی فروخت کے معاہدوں کے پورا نہ ہونے کے سبب ان جائیدادوں میں خریدی گئی اراضیات کے مالکین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور جائیداد کے مالکین اور فروخت کنندگان کے تنازعات میں اب محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کو بھی فریق بنایا جانے لگا ہے علاوہ ازیں محکمہ اسٹامپس اینڈرجسٹریشن کو جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ان کے رجسٹریشن کو روکنے کے لئے نمائندگیاں موصول ہونے لگی ہیں ۔ محکمہ کے ذرائع کے مطابق اگر ان نمائندگیوں کے موصول ہونے کے باوجود محکمہ کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں انہیں عدالتی رسہ کشی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور رجسٹریشن نہ کرنے کی صورت میں آمدنی متاثر ہونے کے علاوہ تنازعہ میں شدت پیدا ہونا شروع ہوجاتی ہے اسی لئے جائیدادوں اور اراضیات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو چاہئے کہ وہ کسی بھی جگہ جائیداد کی خریدی یا سرمایہ کاری کی صورت میں اراضیات کے موقف ‘ مالکانہ حقوق کے علاوہ قابضین کے موقف کی مکمل جانچ کرلیں کیونکہ اگر یہ مسائل معاہدہ کے بعد پیدا ہوتے ہیں تو ایسی صور ت میں ان کا سرمایہ طویل مدت کے لئے پھنس سکتا ہے اسی لئے کسی بھی معاہدہ کا حصہ بننے اور اراضیات کے حصول سے قبل اس بات کی طمانیت حاصل کرلیں کہ جو لوگ جائیداد فروخت کررہے ہیں وہ مالکانہ حقوق رکھتے ہیں ۔