اصل سرغنہ پی شیکھر اور دیگر کی گرفتاری ، فرضی دستاویزات کی ضبطی کے بعد کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کے احکامات
حیدرآباد /13 مئی ( سیاست نیوز ) اراضیات پر ناجائز قبضوں کے واقعات میں ملوث ایک شخص پر رچہ کنڈہ میں پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا گیا ہے ۔ چوٹ اُپل پولیس حدود کے 37 سالہ پی شیکھر کے خلاف کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا اور اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کردئے ۔ چوٹ اُپل پولیس 28 فروری کو کی گئی کارروائی میں شیکھر اور ساتھیوں کو گرفتار کرلیا تھا اور ان کے قبضہ سے 6 فرضی سیل ڈیڈ دستاویزات اور 7 پلاٹس کے دستاویزات کے علاوہ 7 لاکھ روپئے نقد رقم اور 2 کاروں کو ضبط کرلیا تھا ۔ سال 2016 سے شیکھر 7 سے زائد معاملات میں ملوث ہے ۔ کسی بھی علاقہ میں خالی پلاٹ کو دیکھنے کے بعد یہ بدمعاش اس کی سی سی کاپی حاصل کرتا اور اس کے بعد فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے اس پر اپنا حق جتانا شروع کردیتا تھا اور عدالت سے رجوع ہوکر مسئلہ کو تعطل کا شکار بنادیتا تھا اور یہ شخص لینڈ گریبنگ کے کئی معاملات میں بھی ملوث ہے ۔