املاک کو باقاعدہ بنانے میں حکومت سے تعاون کرنے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں املاک پر عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئی اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ زرعی اراضیات سے غیر زرعی املاک کی واضح حد بندی میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے نئے ریوینو قانون پر عمل آوری اور دھرانی پورٹل پر غیر زرعی املاک کی تفصیلات ریکارڈ کرنے سے متعلق عمل آوری کا توسیعی اجلاس میں جائزہ لیا۔چیف منسٹر نے کہا کہ میوٹیشن کا اطلاق انڈومنٹس، وقف بورڈ، نالہ،اربن لینڈ سیلنگ کے تحت اراضیات پر تعمیر کردہ مکانات پر نہیں ہوگا۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریکارڈس میں متعلقہ املاک سے متعلق ٹائیٹل کی تبدیلی یا ٹرانسفر یعنی میوٹیشن کی آن لائن سہولت عوام کیلئے آخری مرتبہ ہوگی جس کے ذریعہ وہ اپنی اراضیات کو باقاعدہ بناسکتے ہیں۔ مستقبل میں حکومت اس پر توجہ نہیں دے گی۔چیف منسٹر نے کہا کہ سادہ بے نامی کے بھی میوٹیشن کرنے کا یہ آخری موقع ہوگا جس کے لئے ایک یا دو دن میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ریوینو قانون کے تحت جو اقدامات کئے جارہے ہیں وہ عوام کے مفادات اور مستقل طور پر اراضیات کے تنازعات سے انہیں تحفظات فراہم کرنے کو ذہن میں رکھ کر کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے شہری اور دیہی مجالس مقامی میں اپنی املاک ، مکانات ، پلاٹس ، فلاٹس اور دیگر غیر زرعی املاک کا اندراج کرانے کیلئے عوام پر زور دیا تاکہ وہ اپنی املاک کے مفت میوٹیشن سے استفادہ کرسکیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ پراپرٹیز سے متعلق تمام معاملتیں مستقبل میں دھرانی ویب سائٹ کے ذریعہ ہی انجام دی جائیں گی۔ کوئی بھی تفصیلات درج کرائے بغیر اپنی املاک کو اپنے بچوں کے نام پر بھی منتقل نہیں کرسکتا۔ تفصیلات میں رجسٹریشن اور آدھار نمبر کے ساتھ خاندان کے ارکان کی تفصیلات شامل ہیں۔انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ مجالس مقامی سے مکان نمبرات حاصل کرکے اَپ لوڈ کریں۔