چیف منسٹر کے بے نامی کمپنیوں سے اراضی کا حصول، اے ریونت ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔ 17 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اے ریونت ریڈی نے سرکاری اراضیات کے ہراج میں ایک ہزار کروڑ روپئے کی بدعنوانیاں ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کے سی آر کے بے نامیوں کیلئے اراضیات کو فروخت کیا گیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے تلنگانہ کو دولتمند ریاست قرار دینے اور دوسری طرف سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اراضیات فروخت کرنے کا سلسلہ ایسی ہی چلتا رہا ہے تو مستقبل میں قبرستانوں کیلئے اراضی نہیں رہے گی۔ کانگریس کے دورحکومت میں اراضیات فروخت کرنے کی کوشش کی گئی تو اس وقت کے سی آر، کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی تھی۔ حالیہ جو بھی اراضیات کا ہراج کیا گیا ہے اس کو چیف منسٹر کے سی آر کی بے نامی کمپنیوں نے اراضیات کو حاصل کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ رامیشور راؤ کی کمپنی نے 18 ایکر اور ضلع سدی پیٹ کلکٹر وینکٹ رام ریڈی کی کمپنی راج پشپا نے 7 ایکر اراضی خریدی ہے۔ اس سے اکوا اسپیس ادارے کو 390 کروڑ اور راج پشپا ادارے کو 138 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔ تین ہزار مالیت قدر والی اراضیات کو صرف 2 ہزار کروڑ روپئے میں فروخت کیا گیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ پریسٹیج ادارے کے ساتھ ریاستی وزیر کے ٹی آر کے قریبی تعلقات ہیں۔ سومیش کمار اور کے ٹی آر نے رشوت حاصل کرتے ہوئے اراضیات کو گول مال کیا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ 50 ایکر اراضی کی علحدہ علحدہ قیمت کیسے ہوسکتی ہے۔ ایک ہی گاؤں میں موجود ایک ایکر اراضی کی قیمت 60 کروڑ ماباقی 48 ایکر اراضی کی قیمت فی ایکر 30 تا 40 کروڑ روپئے کیسے حاصل ہوسکتی ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سدی پیٹ کے کلکٹر نے دوسروں کو ٹنڈرس نا ڈالنے کی فون کرکے دھمکی دی ہے۔ ٹنڈرس داخل کرنے کی صورت میں حکومت کی منظوریاں نہ دینے کا انتباہ دیا گیا۔ ٹی آر ایس اور کے سی آر کے درمیان مالیاتی لین دین رکھنے والی کمپنیوں کو اراضیات حوالے کی گئی۔ فروخت کردہ اراضیات پر 50 منزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت دی جانے والی ہے۔ اراضیات کے دن ہراج سے تلنگانہ کے سرکاری خزانے سے ایک ہزار کروڑ روپئے کو لوٹ لیا گیا ہے۔ ماضی لکرمافیا اب ٹی آر ایس کے دورحکومت میں لینڈ مافیا میں تبدیل ہوگیا ہے۔ چار دن میں اس پر حکومت کی جانب سے وضاحت نہ کرنے پر ان کے پاس موجود ثبوت کو مرکزی حکومت اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کے علاوہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو روانہ کیا جائے گا۔ اگر کارروائی نہیں کی گئی تو ٹی آر ایس اور بی جے پی کے خفیہ ایجنڈے کا پتہ چل جائے گا۔
