اراضی اصلاحات پر کانگریس کا سمینار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ریاست میں اراضی اصلاحات پر موثر عمل آوری کیلئے کانگریس کی جانب سے 4 جنوری کو سمینار منعقد کیا جارہا ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ زرعی اصلاحات کے ماہرین کو مدعو کیا جارہا ہے۔ صبح 11 تا ایک بجے دن یہ سمینار منعقد ہوگا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ دور حکومت میں اراضی اصلاحات پر عمل آوری کا آغاز ہوا تھا۔ آنجہانی اندرا گاندھی سے تحریک پاکر نرسمہا راؤ نے اس پر عمل آوری کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں دھرانی پورٹل کے نام پر عوام کو مسائل میں مبتلاء کیا گیا ہے۔ پورٹل میں کئی خامیاں ہیں جس کے نتیجہ میں رجسٹریشن اور دیگر اُمور میں دشواری پیش آرہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں کو الاٹ کردہ اراضی دوبارہ واپس لینے کی کوشش کررہی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی غریبوں کے حق میں اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ہم خیال جماعتوں کے علاوہ زرعی شعبہ کے ماہرین کو مدعو کیا جائے گا۔