سازش کا پتہ چلانے تفصیلی جانچ ضروری، رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے خاتون تحصیلدار وجیہ ریڈی کے قتل کی تفصیلی جانچ کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ اس واقعہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جانی چاہئے تاکہ پس پردہ سازشیوں کا پتہ چلایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے پس پردہ سازش ہوسکتی ہے اور تحقیقات کی صورت میں کئی حقائق منظر عام پر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدیداروں کو تحفظ کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ اگر عہدیداروں کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو غیر سماجی عناصر کے حوصلے بلند ہوں گے ۔ لہذا حکومت کو فوری کرنی چاہئے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ برسوں سے زیر التواء متنازعہ اراضی کے مسائل کو فوری طور پر حل نہیں کیا جاسکتا۔ اراضیات کی قیمت میں دن بہ دن اضافہ سے اس طرح کے حملوں کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وجیہ ریڈی پر حملہ کو انسانی نقطہ نظر سے سوچنا ہوگا۔ وجیہ ریڈی نے عوامی مسائل کے حل کے لئے کئی قدم اٹھائے تھے اور مجھے ان کی ہلاکت کا شخصی طور پر دکھ ہے۔ اس واقعہ سے سارے تلنگانہ سماج کا سر شرم سے جھک گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک نہتی خاتون عہدیدار کے ساتھ اس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے اور خاطیوں کے خلاف حکومت کو سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔ مستقبل میں کسی اور عہدیدار کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آئے ، اس کے لئے حکومت تمام احتیاطی اقدامات کرے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ ریونیو عہدیداروں پر پہلے سے کافی دباؤ ہوتا ہے اور وجیہ ریڈی نے خاتون عہدیدار ہونے کے باوجود اپنے علاقہ کے مسائل کے حل میں اہم رول ادا کیا تھا ۔