جئے پور : راجستھان میں کراؤلی کے علاقہ میں جائیداد کے تنازعہ میں 5 افراد نے ایک مندر کے پجاری کو زندہ جلادیا۔ سپوترا پولیس اسٹیشن حدود میں چہارشنبہ کی صبح پیش آئے واقعہ میں ملزمین نے پجاری پر پٹرول ڈال کر آگ لگادی۔ 55 سالہ پجاری بابو لال ویشنو جئے پور میں علاج کے دوران گزشتہ شب زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے اِس معاملہ کے اصل ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 4 کی تلاش جاری ہے۔ ایس پی کراؤلی نرودل کچاوا نے بتایا کہ پجاری نے مرتے وقت بیان دیا کہ کیلاش مینا نے اُس پر پٹرول ڈال کر آگ لگائی۔ اِس جرم میں جملہ پانچ ملزمین کو ماخوذ کیا گیا ہے۔ ایک اور پہلو بھی سامنے آیا ہے کہ متنفر پجاری نے خود کو آگ لگالی تھی۔