اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے کی امداد

   

گروہا لکشمی اسکیم کے رہنمایانہ خطوط جاری، اقلیتوں کو بھی اسکیم سے استفادہ کی سہولت، ہر اسمبلی حلقہ میں 3 ہزار مکانات کیلئے امداد
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) حکومت نے اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے فی کس 3 لاکھ روپئے کی امداد سے متعلق گروہا لکشمی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ عمارات و شوارع اسپیشل چیف سکریٹری نے جی او ایم ایس 25 جاری کیا جس میں اسکیم کے رہنمایانہ خطوط کی وضاحت کی گئی۔ جی او کے مطابق اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو تین لاکھ روپئے کی امداد تین مراحل میں جاری کی جائے گی اور اس اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 4 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 3000 مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ حکومت نے اپنے خصوصی کوٹہ کے تحت 43 ہزار مکانات کی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 3 لاکھ روپئے کی امداد صد فیصد سبسیڈی کی بنیاد پر رہے گی۔ ضلع کلکٹرس، کمشنرس بلدیات اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کمشنر بلدیہ کیلئے اسکیم پر عمل آوری کی ہدایات جاری کی گئیں۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مکان خاتون یا بیوہ کے نام پر منظور کیا جائے گا۔ ڈبل بیڈ روم کے ساتھ آر سی سی کا مکان معہ ٹائیلٹ تعمیر کیا جائے گا۔ گروہا لکشمی اسکیم کا لوگو منظورہ مکانات پر چسپاں کیا جائے گا۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے کسی ایک فرد خاندان کے پاس فوڈ سیکوریٹی کارڈ ہونا چاہیئے۔ استفادہ کنندہ کے پاس مکان کی اراضی ہونی چاہیئے اور وہ ووٹر شناختی کارڈ اور آدھار کارڈ کا حامل ہو۔ اسکیم کے تحت ایس سی، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کیلئے کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ایس سی کیلئے 20 فیصد، ایس ٹی 10 فیصد اور بی سی اور اقلیتوں کیلئے 50 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا۔ ضلع کلکٹر اسکیم کیلئے درخواستیں عوام اور عوامی نمائندوں سے حاصل کریں گے۔ درخواستوں کی جانچ کے بعد ضلع کلکٹر مستحق افراد کی فہرست تیار کریں گے۔ ضلع کے انچارج وزیر مرحلہ وار طور پر مکانات کو منظوری دیں گے۔ کوٹہ سے زائد موصول ہونے والی درخواستوں کو آئندہ کیلئے زیر غور رکھا جائے گا۔ ضلع کلکٹر کو گروہا لکشمی اسکیم کا نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں کمشنر نوڈل آفیسر ہوں گے۔ استفادہ کنندگان کے انتخاب کے بعد امدادی رقم اکاؤنٹ میں راست طور پر منتقل کی جائے گی۔ اسکیم پر عمل آوری کیلئے گروہا لکشمی پورٹل اور موبائیل اپلیکیشن متعارف کیا جائے گا۔ تین لاکھ روپئے کی امداد تین مراحل میں جاری کی جائے گی۔ پہلے مرحلہ میں بیسمنٹ، دوسرے مرحلہ میں چھت کی تعمیر اور تیسرے مرحلہ میں تکمیل پر رقم جاری کی جائے گی۔ خاتون یا بیوہ استفادہ کنندگان کے نام سے علحدہ بینک اکاؤنٹ کھولنا ہوگا۔ جن دھن اکاؤنٹ اسکیم کیلئے قابل قبول نہیں رہے گا۔ اسکیم پر عمل آوری کیلئے منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ہاوزنگ کارپوریشن کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ر