اراضی سروے کے خلاف ایٹالہ راجندر کی اہلیہ ہائی کورٹ سے رجوع

   

حیدرآباد: سابق وزیر ایٹالہ راجندر کی اہلیہ نے اراضی کے سروے سے متعلق نوٹس پر ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔ میدک کے ماسائی پیٹ میں واقع اراضی کے سروے کے لئے 5 مئی کو حکام کی جانب سے نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ ایٹالہ راجندر کی اہلیہ جمنا کی جانب سے سینئر وکیل ڈی پرکاش ریڈی نے بحث کی۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے کہا کہ اسائینڈ اراضی کا پتہ چلانے کیلئے سروے کیا جارہا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ اراضی کی ملکیت کی جانچ کیلئے نوٹس کی اجرائی میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ پرکاش ریڈی نے کہا کہ جائز وجوہات کے بغیر ہی سروے نوٹس جاری کی گئی ہے۔ اسی دوران راجندر کی اراضیات کی جانچ میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ ریونیو کے علاوہ ویجلنس اور اے سی بی کے عہدیدار تحقیقات میں شامل ہیں۔ یکم مئی سے 16 مئی تک اے سی بی اور ویجلنس کے عہدیداروں نے مختلف سرکاری عہدیداروں کے بیانات ریکارڈ کئے اور سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ راجندر کی اہلیہ کے نام سے واقع جمنا ہیچریز پر اسائینڈ اراضی پر قبضہ کا الزام ہے۔