اراضی سے متعلق تنازعات میں انصاف کیلئے پولیس کو ہدایت

   

Ferty9 Clinic

سیول ڈسپیوٹ کا بہانہ نہ کریں، ہائی کورٹ کے احکامات

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اراضی سے متعلق تنازعات کو سیول ڈسپیوٹ قرار دے کر نظر انداز نہ کریں۔ عدالت نے کہا کہ اگر کوئی درخواست گزار واقعی متاثرہ ہے تو پولیس کو چاہئے کہ اسے انصاف دلانے کی کوشش کرے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے عادل آباد سے تعلق رکھنے والے دو افراد کی درخواست پر یہ ہدایت دی۔ درخواست گزاروں نے شکایت کی ہے کہ پولیس نے اراضی کے معاملت میں مداخلت سے انکار کردیا ۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ انہوں نے ایک کسان سے ایک ایکر اراضی خریدی ہے لیکن اراضی کے قبضہ کے حصول میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے ۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے جاننا چاہا کہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو درخواست دیئے جانے کے باوجود کارروائی کیوں نہیں کی گئی ۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزاروں نے اپنی زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کی بات کہی ہے ، لہذا پولیس کو ایف آئی آر درج کرتے ہوئے اس معاملہ کی جانچ کرنی چاہئے ۔