اقدام قتل کے دو مقدمات درج، اراضی پر دعویداری، چندرائن گٹہ پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔/16 جولائی، ( سیاست نیوز) اراضی معاملہ پر تنازعہ کے نتیجہ میں مرحوم محمد پہلوان کے رشتہ داروں میں آپسی جھڑپ کے نتیجہ میں چندرائن گٹہ پولیس نے اقدام قتل کے دو مقدمات درج کئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 14 جولائی کو عمار بن حسن یافعی نے شدید زخمی حالت میں پولیس اسٹیشن چندرائن گٹہ پہنچ کر پولیس سے شکایت درج کروائی کہ وہ اپنے بھائی عبدالرحمن بن حسن یافعی کے ہمراہ گرم چیروو عمر کالونی میں واقع اراضی پر کام کروارہے تھے کہ خالد بن عبداللہ یافعی، عمر بن عبداللہ یافعی اور ان کے والد عبداللہ یافعی بھی اس اراضی پر پہنچ گئے اور اراضی کے مالک ہونے کا دعویٰ کیا۔ اس مسئلہ پر دونوں فریقین کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی جس کے نتیجہ میں خالد بن عبداللہ یافعی نے عمار یافعی پر چاقو سے اچانک حملہ کردیا۔ اس واقعہ میں عبدالرحمن بن حسن یافعی بھی زخمی ہوگئے۔ اسی دوران خالد بن عبداللہ یافعی نے بھی چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر یہ بتایا کہ عمار بن حسن یافعی اور عبدالرحمن بن حسن یافعی نے گرم چیروو پہنچ کر اراضی کے معاملہ پر بحث و تکرار کے بعد ان پر لاٹھی سے حملہ کیا۔ اس واقعہ کی اطلاع پولیس اسٹیشن چندرائن گٹہ میں دینے کے بعد وہ بغیر تحریری شکایت کے وہاں سے چلے گئے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے دونوں فریقین کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جس میں ہیڈ کانسٹبل محمد محبوب اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر این سیتیا نے شکایت درج کروائی۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ب