بودھن میں ریونیو عملہ کی چوکسی سے بڑا حادثہ ٹل گیا
بودھن ۔ /12 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) برسوں سے زیرالتواء اراضی کے مقدمہ کی عدم یکسوئی پر مایوس بیوہ ابماں آر ڈی او بودھن گوپی رام کے اجلاس میں خودسوزی کی نیت سے پٹرول لیکر پہونچی ریونیو عملے کے افراد بروقت حرکت میں آنے کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تقریباً چالیس سال قبل حکومت نے ابماں کے شوہر لالیا کو ایک ایکر تین گنٹہ اراضی سروے نمبر 137A/1 دی تھی ۔ تقریباً چھ سال قبل لالیا کا انتقال ہوگیا ۔ ابماں ، متوفی شوہر کے نام موجود اراضی اس کے نام کروانے تحصیل آفس و آر ڈی او آفس کے مسلسل چکر لگارہی ہے ۔ ابماں کے مطابق گزشتہ سال انہیں تحصیل آفس سے فون موصول ہوا جس میں انہیں آفس آکر پٹہ پاس بک حاصل کرلینے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ آفس پہنچنے پرکسی عہدیدار نے ان کی درخواست پر توجہ نہیں دی ۔ ابماں کے مطابق ان کے نام مرکزی حکومت سے منظور 16 ہزار روپئے رقم /27 اگست 2018 ء کو اجرائی عمل میں آچکی لیکن یہ رقم تاحال ان کے حوالے نہیں کی گئی ۔ ابماں کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ /10 اکٹوبر 2019ء کو ان کی اراضی کسی نامعلوم این سامی گونڈا نامی فرد کے نام منتقل کردی گئی ۔ ابماں مایوسی کے عالم میں پٹرول سے بھرا باٹل پلاسٹک کور میں چھپاکر آر ڈی او کے اجلاس میں پہنچی اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خودسوزی کی دھمکی دی ۔ اس واقعہ کی اطلاع پاکر کمیونسٹ پارٹی کے مقامی قائدین آر ڈی او آفس پہونچ کر محکمہ مال کے عہدیداروں کے خلاف نعرے بلند کئے ۔اس اثناء ڈپٹی کمشنر پولیس جے پال ریڈی سرکل انسپکٹر راکیش دفتر آر ڈی او پہنچے اور خاتون کو خودسوزی جیسے سنگین اقدام سے باز رہنے کی ترغیب دی ۔ آر ڈی او گوپی رام نے خاتون کو تیقن دیا کہ اس سے ہوئی ناانصافی کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور امرائے قانون اراضی کی منتقلی کی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا آر ڈی او نے وعدہ کیا ۔