حیدرآباد : چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دھرانی پورٹل پورے ملک کیلئے ایک مثالی نمونہ ہوگا جس میں لینڈ ریکارڈس میں تحریف کرنے اور زمین سے متعلق تنازعات کیلئے جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں دستاویزات سے متعلق اراضی 2.75 کروڑ ایکرس کے منجملہ 1.53 لاکھ ایکرس سے متعلق ریکارڈس کو دھرانی پورٹل میں اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔ لینڈ ریکارڈس کو اپ لوڈ کرنے کے دوران اراضی تنازعات کے جو مسائل پیش آئے وہ جملہ پٹہ دار پاس بکس کا تین تا چار فیصد تھے۔ کے سی آر نے کہا کہ 9 لاکھ سادہ بیع نامہ کی درخواستیں ہیں۔ ان کی 90 دنوں میں یکسوئی کی جائے گی اور دھرانی میں اپ لوڈ کیا جائے گا۔ این آر آئز کی اراضیات کو جی پی اے اور دیگر پرویژنس کے ذریعہ اپ لوڈ کرنے کیلئے رہنمایانہ خطوط دیئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اراضیات کا ایک ڈیجیٹل سروے جلد ہی شروع کیا جائے گا تاکہ اراضی کے ہر ایک ایکر کا تحفظ ہو۔ اس کے لئے بجٹ 2021-22ء میں 400 کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ہیں۔