اراکین اسمبلی کی ملک گیر کانفرنس کی تیاریاں

   

بھوپال؍ ممبئی: جون کے مہینے میں ملک بھر کی قانون ساز اراکین اسمبلی کی ایک کانفرنس ممبئی میں منعقد کی جائے گی، جس کی تیاریاں بڑے پیمانے پر کی جا رہی ہیں۔ چار روزہ ‘نیشنل لیجسلیٹرس کانفرنس – 2023’ کی تیاریوں کے سلسلے میں آج ممبئی میں ایک میٹنگ ہوئی جس سے مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر گریش گوتم نے خطاب کیا۔ اجلاس میں مدھیہ پردیش، راجستھان، اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، ہریانہ، مہاراشٹر سمیت دیگر ریاستوں کے اسمبلی اسپیکروں/چیئرمین نے شرکت کی۔ اس کی صدارت لوک سبھا کی سابق اسپیکر محترمہ میرا کمار نے کی۔ کانفرنس کے حوالے سے اپنے خطاب میں مسٹر گریش گوتم نے کہا کہ جب مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک ساتھ بیٹھیں گے اور اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے تو’ایک ہندوستان‘ کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مدھیہ پردیش اسمبلی کے ایم ایل اے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ گوتم نے کہا کہ اس پروگرام میں چار ہزار سے زیادہ اراکین اسمبلی حصہ لیں گے ۔ تمام ریاستوں کے اراکین اسمبلی کی کانفرنس 15 سے 18 جون تک ممبئی میں ہو رہی ہے ۔
جس میں کئی اہم مسائل پر بحث کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں مقننہ سے متعلق کئی اہم مسائل پر متوازی اجلاس چلیں گے ۔ اس میں ملک بھر سے چار ہزار سے زائد اراکین اسمبلی کی شرکت کا امکان ہے ۔ کانفرنس کا اہتمام MIT پونے کی جانب سے کیا جا رہا ہے ۔