نئی دہلی۔6 ۔ اگست (یو این آئی) پرائیویٹ سیکٹر کے ریٹائرڈ ملازمین کی کم از کم پنشن میں اضافے کے دیرینہ مطالبہ کی حمایت میں آجمختلف پارٹیوں کے ممبران پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مظاہرہ کیا۔مہاراشٹر کے جالنا سے رکن پارلیمنٹ کلیان کالے کی قیادت میں ای پی ایس95میں اضافے کے مطالبے کی حمایت میں آج پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں ایک مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کئی پارٹیوں کے ممبران پارلیمنٹ نام دیو کرسان، رویندر چوہان، شیام کمار بروے ، پرشانت پاڈولے ، ورشا گائیکواڑ، گوپال پڈاوی، ڈاکٹر شیواجی کالگے ، اوم راج نمبالکر، پرنیتی شندے ، پرتیبھا دانوکر، شوبھا بچھاو وغیرہ نے حصہ لیا۔اراکین نے پلے کارڈز اور بینر اٹھا کر پرائیویٹ سیکٹر میں پنشن میں اضافے اور پنشنرز کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور نعرے بازی کی۔ملک بھر میں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین ای پی ایس-95 نیشنل سٹرگل کمیٹی کے بینر تلے پنشن میں اضافے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں اور 4-5 اگست کو جنتر منتر پر کمیٹی کی طرف سے منعقد کیے جانے والے احتجاج میں 25 سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ نے بھی حصہ لیا۔ کمیٹی کے قومی صدر کمانڈر اشوک راوت نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ایم پی بھی اسی طرح کے احتجاج کر کے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے تاکہ ای پی ایس 95 کی کم از کم پنشن 7500 روپے ماہانہ، مہنگائی الاؤنس اور مفت طبی سہولت کے مطالبات کو جلد سے جلد پورا کیا جا سکے ۔