نئی دہلی۔28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں سلورمیڈل جیتنے والے ہندستانی گھڑسوار فواد مرزا نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے ہاتھوں باوقار ارجن ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لئے خواب کی تکمیل جیسا ہے ۔فواد کو جمعرات کو راشٹر پتی بھون میں صدر رام ناتھ کووند سے ارجن ایوارڈ ملے گا۔ ملک کے بہترین گھڑسوار فواد مرزا یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے شہری بنیں گے ۔ رائڈنگ میں اب تک جتنے بھی ارجن ایوارڈ دیئے گئے ہیں وہ سب کے سب فوجیوں کو ملے ہیں۔ ایوارڈ ملنے کے موقع پر فواد نے ایوارڈ کے لئے خوشی ظاہر کی لیکن ساتھ ہی کہا کہ انہیں اس عزت افزائی کے لئے اپنا نام سن کر پہلے تو یقین نہیں ہوا تھا کیونکہ گھڑسواری میں ہندوستانی کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی اور عام لوگوں میں یہ کھیل مقبول بھی نہیں ہے ۔فواد نے جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں گھڑسواری میں سلور میڈل جیت کر اس کھیل میں36 سال بعد ملک کو میڈل دلایا تھا۔ ارجن ایوارڈ پانے والا وہ پہلے سویلین بنیں گے ۔ فواد29 اگست کو راشٹر پتی بھون میں صدر کے ہاتھوں یہ ایوارڈ قبول کرنے کے بعد اگلی صبح جرمنی روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ ٹوکیو اولمپک کی اپنی تیاریوں کو مضبوط کریں گے ۔فواد نے کہاکہ یہ ایوارڈ میرے لئے خواب پورا ہونے جیسا ہے اور اس سے مجھے مستقبل اور اگلے اولمپک کے لئے بہتر کارکردگی کرنے کی ترغیب ملے گی۔ میں اب ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہو چکا ہوں اور اب اولمپک کھیلنے کی اہلیت پانا اور اولمپک میں یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا میرا واحد مقصد ہے ۔ فواد نے 2018 کے جکارتہ ایشیاڈ میں سخت جدوجہد کے درمیان ٹیم اورسنگلز میں سلور میڈل جیتے تھے اورگھڑسواری کی جانب سب کی توجہ مبذول کروائی تھی ۔ان کا خیال ہے کہ ارجن ایوارڈ حاصل کرنے سے مستقبل کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ گھڑسواری انتہائی مشکل کھیل ہے جس میں انسان اور گھوڑے کے درمیان تال میل، ان دونوں کی جسمانی اور ذہنی صلاحیت اور قابلیت کی اصل آزمائش ہوتی ہے ۔ گھوڑے کو صبح دانا ڈالنے سے لے کر اس کے مساج، کھاد،خوراک اور مشق پر توجہ دینا پڑتی ہے ۔