ممبئی ۔14 اگست (ایجنسیز) سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر اپنی زندگی کی دوسری اننگز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ممبئی کے ایک مشہور بزنس مین کی پوتی سے منگنی کر لی ہے۔ اس کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ارجن ٹنڈولکر نے ممبئی کے بزنس مین روی گھئی کی پوتی ثانیہ چنڈوک سے منگنی کر لی ہے۔ گھائی خاندان مہمان نوازی اور فوڈ کے شعبے میں ایک بڑا نام ہے۔ تاہم ابھی تک نہ تو ٹنڈولکر خاندان اور نہ ہی گھائی خاندان نے اس منگنی کے حوالے سے کوئی بیان جاری کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ارجن ٹنڈولکر اور ثانیہ چنڈوک نے ایک نجی تقریب میں منگنی کرلی۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے صرف قریبی افراد اور دوست ہی شریک ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق سچن کی اہلیہ انجلی ٹنڈولکر منگنی کے دوران کافی خوش نظر آئیں۔ سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر اس وقت رانجی کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس بار وہ گوا کی ٹیم کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔ ان کی منگیتر ثانیہ چنڈوک کا تعلق گھائی خاندان سے ہے۔ خاندان کی کاروباری سلطنت ہوٹلوں، ریستوراں اور کھانے کی صنعت میں پھیلی ہوئی ہے۔ وہ انٹرکانٹینینٹل میرین ڈرائیو ہوٹل اور بروکلین کریمری (کم کیلوری والی آئس کریم برانڈ) کے مالک ہیں۔ ثانیہ ارجن ٹنڈولکر کی بہن سارہ ٹنڈولکر کی بھی اچھی دوست ہیں۔