انقرہ، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر ر جب طیب اردغان نے کہا کہ گولان پہاڑیوں پر اسرائیلی خودمختاری کی بابت امریکہ کی جانب سے اسے تسلیم کئے جانے کے مسئلے کو وہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے ۔انہوں نے اتوار کو ٹی وی چینل ٹي جي آرٹي ہیبر کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا‘‘ گولان پہاڑیوں پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا بیان اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے لئے اپریل میں طے پارلیمانی انتخابات سے پہلے ‘تحفہ’ ہے ’’۔ٹرمپ نے جمعرات کو کہاتھا کہ یہ امریکہ کے لئے گولان کی پہاڑیوں پر مکمل طور پر اسرائیل کی خودمختاری کو تسلیم کرنے کا وقت ہے ، جس کی دنیا بھر میں سخت تنقید اور مذمت کی جا رہی ہے ۔ اس سے پہلے اتوار کو اسرائیل کے وزیرخارجہ اسرائیلی کاٹز نے ٹوئٹ کیا کہ مسٹر ٹرمپ سرکاری طور پر گولان پہاڑیوں پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کرنے کے لئے دستخط کریں گے جب وہ پیر کو واشنگٹن میں مسٹر نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے ۔مسٹر اردغان نے جمعہ کو امریکہ کے قدم کے خلاف آواز اٹھائی، یہ دیکھتے ہوئے کہ گولان پہاڑیوں کے قبضے کو قانونی حیثیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔