انقرہ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتہ استنبول کے میئر کیلئے جو انتخابات کروائے گئے تھے، انہیں کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ انتخابی دھاندلیوں کی خبریں یہاں ہر ایک کی زبان پر ہیں۔ اردغان کی حکمراں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (AKP) کو 31 مارچ کو ایک انتخابی جھٹکا اس وقت لگا جب پارٹی کو دارالحکومت انقرہ کے علاوہ استنبول میں بھی اپوزیشن کے مقابلے شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ اے کے پی امیدوار جنہیں اردغان کا قابل اعتماد امیدوار قرار دیا جاتا ہے، یعنی سابق وزیراعظم بن علی یلدرم کو تقریباً 30,000 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کے مقابلے کلیدی اپوزیشن سی ایچ پی اکرام اموعلو کو کامیابی حاصل ہوگئی تھی۔