روم۔ ترک صدر رجب طیب اردغان نے اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین یہ ملاقات اطالوی شہر روم میں جاری G-20 کانفرنس کے حاشیے میں ہوئی۔ اس ملاقات میں امریکی صدر نے ترکی میں انسانی حقوق کی پاسداری کے حوالے سے بات کی جبکہ ترک صدر نے F-16 جنگی طیاروں کی فراہمی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین کے مابین یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب واشنگٹن اور انقرہ کے درمیان سفارتی سطح پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں ترکی نے امریکی سفیر سمیت کئی دیگر مغربی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑ جانے کا کہا تھا لیکن بعدازاں ترک صدر نے یہ دھمکی واپس لے لی تھی۔