مشرق وسطیٰ کی صورتحال پراہم رہنماؤں کی گفتگو
انقرہ۔ 16 جون (ایجنسیز) ترک صدر رجب طیب اروغان نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی ایک عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے اور دوسری کویت کے امیرشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے یہ گفتگو ہوئی ہے۔ عمانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اردغان نے عمانی سلطان سے ایران پر اسرائیلی حملوں پر تبادلہ خیال کیا، جو جمعہ کی صبح شروع ہوئے تھے، اور ان کے خطے کے لیے تشویشناک اثرات پر روشنی ڈالی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحرانوں کو روکنے اور علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے مکالمہ، سفارت کاری اور مذاکرات کی میز پر واپسی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون کے تحت سلامتی اور استحکام کے تحفظ کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب، کویت نیوز ایجنسی کے مطابق صدر اردغان اور کویتی امیر شیخ مشعل نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال اور دوست اسلامی جمہوریہ ایران اور ظالم اسرائیلی ریاست کے درمیان تنازعہ پرگفتگو کی۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کی پرزور مذمت کی، جہاں 2023 کے اواخر سے اب تک 54,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے خطہ میں کشیدگی میں کمی، جارحیت کے خاتمہ اور اختلافات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔