اردغان کی وائٹ ہاؤس میں میزبانی کروں گا: ٹرمپ

   

واشنگٹن۔ 20 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان کی وائٹ ہاؤس میں میزبانی کریں گے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا میں 25 ستمبر کو ترک صدر اردغان کی وائٹ ہاؤس میں میزبانی کروں گا، ان کے ساتھ ہم کئی تجارتی اور فوجی معاہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدوں میں بوئنگ طیاروں کی بڑی سطح پر خریداری بھی شامل ہے ، ایف 16 اور ایف 35 پر بھی مذاکرات ہوں گے اور ہم ان معاہدوں کے مثبت انداز میں مکمل ہونے کی توقع رکھتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا امریکہ میں تاریخی سرمایہ کاری آ رہی ہے ، یوکرین جنگ سے بھی پیسہ کما رہے ہیں اور امریکہ کا اسلحہ فروخت ہو رہا ہے ، کرپٹ پوسٹل ووٹنگ کے باوجود صدارتی الیکشن جیتا اور اب حکومتی اصلاحات سے جرائم میں کمی آ رہی ہے ، وہ جرائم کر رہے ہیں ہم ان کے خلاف نبرد آزما ہیں، ہمیں چارلی کرک کے سیاسی قتل کی مذمت کرنی چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چارلی کرک ٹک ٹاک پر بے حد مشہور تھا، کرک کی خواہش تھی ٹک ٹاک ڈیل فائنل ہو، اب یہ ڈیل تکمیل کے قریب ہے اور مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، معاہدے پر دستخط رسمی کارروائی ہوگی۔ امریکی صدر نے کہا چین سے روس یوکرین جنگ اور غزہ پر بات چیت جاری ہے ، روس کی جانب سے ایسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی قابل تشویش ہے ۔
روس اور یوکرین جنگ رکوانے پر بھی چینی صدر سے گفتگو ہوئی، چینی صدر بھی چاہتے ہیں کہ یہ جنگ ختم ہو۔ ٹرمپ نے کہا بگرام ایئربیس کو کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے تھا، بگرام ایئر بیس کی واپسی کے لیے افغانستان سے بات کر رہے ہیں، افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کا طریقہ کار شرمندگی تھا، جوبائیڈن نے کئی افراد کو غیر قانونی طور پر معافی دی، بائیڈن نے 350 ارب ڈالر بھی یوکرین جنگ میں جھونک دیے ، اب یوکرین جنگ سے پیسہ کما رہے ہیں ہمارا دفاعی سامان خریدا جا رہا ہے ۔