انقرہ ؍ باکو 13 جولائی (ایجنسیز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے ہفتہ کے روز آذربائیجان کے صدر الہام علی ییف کے ساتھ ٹیلیفونک ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی پیش رفتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ترکیہ صدارتی دفتر کے جاری کردہ بیان کے مطابق گفتگو کے دوران صدر اردغان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان ہر میدان میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے جنوبی قفقاز میں پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کے لیے ترکیہ کی حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔’دہشت گردی سے پاک ترکیہ‘ کے ہدف سے جاری کاروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر اردغان نے کہا ہے کہ یہ ہدف، خطے سے دہشت گرد تنظیموں کے خاتمہ میں، مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے اس مرحلے کی کامیاب تکمیل کی اہمیت پر زور دیا اور کہا ہے کہ یہ علاقائی سلامتی کو مزید مستحکم کرے گا۔